ممبئی: سشانت سنگھ راجپوت کا معاملہ ابھی حل بھی نہیں ہوا کہ ٹی وی دنیا سے ایک بار پھر ایک افسوسناک خبر سامنے آئی ہے۔ مشہور ٹی وی اداکار سمیر شرما نے خودکشی کرلی ہے۔ ان کی لاش گھرکے اندر پنکھے میں لٹکی ہوئی ملی ہے۔ ان کی لاش ملاڈ واقع اپارٹمنٹ میں پنکھے سے لٹکی ہوئی برآمد ہوئی ہے۔
خود کشی کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ چکی ہے۔ فورنسک ٹیم کو بھی بلا لیا گیا ہے۔ خود کشی کے وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل پایا ہے۔ تاہم پولیس کمرے میں خودکشی نوٹ کی تلاش کر رہی ہے۔
سمیر شرما نے سیریل ’یہ رشتے ہیں پیار کے’، ’کہانی گھر گھر کی’، ’لیفٹ رائٹ لیفٹ’، ’اس پیار کو کیا نام دوں’، میں کام کیا تھا۔ ملاڈ پولیس کے مطابق، سمیر شرما نے اسی سال فروری میں اپارٹمنٹ کرائے پر لیا تھا۔ رات کو ڈیوٹی کے دوران سوسائٹی کے چوکیدار نے لاش کو دیکھا، اس کے بعد اس نے حادثہ کے بارے میں سوسائٹی کے دوسرے لوگوں کو بتایا۔
لاش کی حالت کو دیکھتے ہوئے پولیس کو شک ہے کہ اداکار نے ایک دن پہلے ہی خود کشی کرلی تھی۔ ملاڈ پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر جارج فرنانڈیز نے معاملے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ کیس ایکسیڈنٹل ڈیتھ کا درج کیا گیا ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔