نئی دہلی، 25 جون (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر امت شاہ نے منگل کو ایمرجنسی کی 44 ویں برسی کے موقع اس کی مخالفت کرنے والے تمام رہنماؤں اور شہریوں کو سیلوٹ کیا۔
مسٹر مودی نے ٹویٹ کیا’’ہندوستان ان تمام عظیم لوگوں کو سلام کرتا ہے جنہوں نے ایمرجنسی کی پرزور مخالفت کی۔ہندوستان کی جمہوریت نے ایک آمرانہ ذہنیت پر اہم فتح حاصل کی‘‘۔
مرکزی وزیر داخلہ اور بی جے پی صدر امت شاہ نے ایمرجنسی کی مخالفت کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ٹویٹ کیا’’1975 میں آج ہی کے دن صرف اپنے سیاسی مفادات کے لئے ملک کی جمہوریت کو قتل کیا ۔ ملک کے عوام سے ان کے بنیادی حقوق چھین لئے گئے، اخبارات پر پابندی لگا دی گئی۔ لاکھوں محب وطنوں نے جمہوریت کے قیام کے لئے کئی طرح کے عذاب برداشت کئے ، میں ان تمام مجاہدین کو سلام کرتا ہوں‘‘۔
بی جے پی کے ایگزیکٹیو چیئرمین جے پی نڈا نے ایمرجنسی کو ہندوستانی جمہوریت پر ایک سیاہ دھبہ قرار دیتے ہوئے ٹویٹ کیا’’ 1975 میں، آج ہی کے اپنے سیاسی مفادات کی تکمیل کے لئے اس وقت کی حکومت کی جانب سے ایمرجنسی کا اعلان، ہندوستان کی عظیم جمہوریت پر سیاہ دھبہ ہے۔ میں سلام کرتا ہوں، ان ستیہ گرہ کرنے والوں کو جنہوں نے مضبوطی سے اس تاریک دورمیں جمہوریت کی شمع کو روشن رکھا تھا‘‘۔
قابل غور ہے کہ آج سے 44 سال پہلے اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے 25 جون 1975 کو ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا جو 21 مارچ 1977 تک رہا تھا۔