جالندھر:ہند۔ پاک کی سرحد کے آر پار منائے جانے والا 12 واں ہند۔ پاک دوستی میلہ 13 اور 14 اگست کو سرحد کے دونوں جانب منایا جائے گا۔ہند۔ پاک دوستی منچ کے جنرل سکریٹری ستنام سنگھ مانک نے بتایا ہے کہ یہ میلا ہند۔ پاک دوستی منچ۔ فولک لور ریسرچ اکادمی امرتسر اور پنجاب جاگرتی منچ جالندھر کی جانب سے ایشیا فری میڈی ایسوسی ایشن (سفما) کے تعاون سے منایا جارہا ہے ۔
سرحد کے اس پار بھی اس میلہ کا اہتمام سفما کررہی ہے ۔مسٹر مانک نے بتایا کہ یہ میلہ پاکستان کے سماجی خدمتگار عبدالستار ایدھی کے نام وقف کیا جائے گا۔ اس میلے کا آغاز 13 اگست کو آزاد تھیٹر گروپ لاہور کے ناٹک شاہ حسین سے ہوگا اور 14 اگست کو ہندو پاک تعلقات پر ورکشاپ کا اہتمام ہوگا جس میں پاکستانی فنکار خادم وارثی۔ ہندوستان کے فنکار سنی سلیم اور یعقوب گل وغیرہ اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے اور رات 12 بجے تک پاکستان کی سرحد پر موم بتیاں جلاکر دونوں ملکوں کے لوگوں سے امن اور خیرسگالی مضبوط کرنے کی اپیل کی جائے گی۔مسٹر مانک نے بتایا کہ اس دوستی میلے کی وجہ سے ہی آج دونوں ملکوں کے لوگ جنگ نہیں چاہتے ۔
ہند۔ پاک دوستی منچ کی کامیابی کے درمیان کئی مرتبہ کشیدگی بڑھی ہے لیکن منچ کے پھیلائے ہوئے امن کے پیغام کی وجہ سے دونوں ملکوں میں جنگ کی نوبت نہیں آئی۔ انہوں کہا کہ دوستی میلے میں مشہور صحافی مارک ٹولی ، ستیش جیکب، پاک۔ انڈیا پیپلز فورم فار پیس اینڈ ڈیموکریسی کے سربراہ جتن ڈیسائی، صحافی پشپندر کلشیشٹا، ببلی راوت (دلی) وائنا نظام (چنئی) آکاش امین بھٹ (ڈیلی کشمیر ٹائمس) پی ایل اونیال وغیرہ شامل ہوں گے ۔