دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک اور مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے امریکی انتخابات کے حوالے سے غلط اور بے بنیاد معلومات پھیلانے والے درجنوں اکاؤنٹس کو بند کردیا۔
دونوں ویب سائٹس نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ وہ امریکی انتخابات کے دوران قبل از وقت دعووں کی پوسٹس پر وارننگ جاری کریں گے اور ساتھ ہی کہا تھا کہ وہ امریکی انتخابات کے نتائج کو مانیٹر بھی کریں گے۔

امریکا میں تین نومبر کو پولنگ ہوئی اور پولنگ کے ختم ہونے کے فوری بعد سوشل میڈیا پر نتائج کے حوالے سے پوسٹس آنا شروع ہوگئیں، جن میں سے زیادہ تر بے بنیاد تھیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بے بنیاد اور غلط معلومات پر مبنی انتخابی پوسٹس شیئر کرنے پر ٹوئٹر نے متعدد نام نہاد نیوز پیج بند کردیے۔
ٹوئٹر کے مطابق بند کیے گئے پیجز کو پہلے انتباہ جاری کیا گیا تھا مگر پیجز نے غلط معلومات کو پھیلانے کا سلسلہ جاری رکھا، جس وجہ سے انہیں بلاک کیا گیا۔









