سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک نے امریکا میں قائم ٹوئٹر کے صدر دفتر کے بیشتر کمروں کو بیڈ روم میں تبدیل کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمروں میں گدے، پردے، بڑے پردے کی اسکرین، نارنجی رنگ کا قالین، لکڑی سے تیار کردہ بیڈ اور اس کے سائیڈ ٹیبل، لیمپ اور دفتر کی کرسیاں رکھی گئی ہیں۔
فوربس کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر ذرائع کے مطابق تاحال اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا، اس لیے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
ہر منزل پر نہایت آرام دہ 4 سے 8 بیڈ رومز بنائے گئے ہیں اور خیال کیا جارہا ہے کہ یہ بستر ان ملازمین کے لیے ہے جو سخت محنت کر رہے ہیں اور کام کے لیے رات بھر دفتر میں قیام کرتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اچھی خبر نہیں ہے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے، لیکن اگر ایسا ہے تو یہ ملازمین کی ان کہی تذلیل کی علامت ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایلون مسک نے ٹوئٹر کے آدھے ملازمین کو برطرف کرنے کے بعد باقی ملازمین کو انتباہ جاری کیا تھا کہ وہ سخت اور طویل دورانیے کام کریں یا پھر استعفیٰ دے دیں، جس کے بعد بیشتر ملازمین نے ملازمت سے استعفیٰ دینے کو ترجیہی دی تھی۔
تاہم، ایلون مسک اتنی بڑی تعداد میں ملازمین برطرفی اور استعفوں کے باوجود بالکل پریشان نظر نہیں آئے اس کے برعکس انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ بہترین لوگ ابھی بھی میرے ساتھ ہیں، لہذا میں زیادہ پریشان نہیں ہوں۔