سری نگر، 20 اگست (یو این آئی) وادی کشمیر میں منگل کی صبح یکے بعد دیگرے دو زلزلوں کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس سے لوگوں میں خوف ہراس پھیل گیا۔
دونوں زلزلوں کا مرکز شمالی کشمیر کا بارہمولہ علاقہ تھا۔
سینٹر فار نیشنل سیسمالوجی کے مطابق پہلے زلزلے کے جھٹکےمنگل کی صبح 6 بجکر 45 منٹ پر محسوس کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 4.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 5 کلو میٹر تھی۔
اس زلزلے کا مرکز شمالی کشمیر کا ضلع بارہمولہ تھا۔
سینٹر کے مطابق دوسرے زلزلے کی جھٹکے اس کے 7 منٹ بعد یعنی 6 بجکر 52 منٹ پر محسوس کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 4.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔
اس زلزلے کا مرکز بھی شمالی کشمیر کا بارہمولہ علاقہ تھا۔
ان زلزلوں سے لوگوں میں خوف ہراس پھیل گیا اور لوگ برستی بارش کے بیچ گھروں سے باہر آگئے۔
اطلاعات کے مطابق ضلع بارہمولہ کے کچھ علاقوں میں کئی مکانوں کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔
دریں اثنا انتظامیہ سے دانگی وچھی رفیع آباد، قاضی آباد ہارلی اور موار علاقوں میں فوری طور ٹیمیں بھیجنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘میں انتظامیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ دانگی وچھی رفیع آباد، قاضی آباد ہارلی اور موار علاقوں میں فوری طور ٹیمیں بھیجیں جہاں مکانوں میں دراڑیں ہوئی ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ایسا لگتا ہے رفیع آباد، لنگیٹ اور ہندوار کے علاقے بھی متاثر ہوئے ہیں’۔