بدایوں: اترپردیش کے ضلع بدایوں کے اجھانی کوتوالی علاقے میں شادی تقریب میں ماما کے ساتھ لوٹ رہے بائیک سوار جوڑے کو ٹرکٹر نے کچل دیا۔ حادثے میں خاتون سمیت دو افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ شوہر کو نازک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ علاقے کے گاؤں منراون نگلا باشندہ پشپیندر اپنی بیوی شکنتلا(22) کے ساتھ سہسوان میں ایک شادی میں گئے تھے۔ جمعہ کی دیر رات وہ سہسوان کے نیا گنج باشندہ اپنے ماما توتا رام (55) کے ساتھ گھر جارہے تھے۔ راستے میں کچھلا کے بتروئی موڑکے سامنے سے آرہے ٹرکٹر نے بائیک کو ٹکر مار دی۔
اس حادثے میں شکنتلا اور توتا رام کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی پشپیندر کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
اے پی میں تلگودیشم کے لیڈران گھروں پر نظربند
اے پی کے ضلع چتور میں پولیس نے تلگودیشم کے بیشتر لیڈروں کو گھروں پر نظربندکردیا تاکہ چلو تھمبلاپلی پروگرام کو ناکام بنایا جا سکے۔
جمعہ کو اس علاقہ میں اپوزیشن تلگودیشم اور حکمران جماعت وائی ایس آر کانگریس کے کارکنوں میں ہوئے تصادم کے نتیجہ میں تلگودیشم کا ایک کارکن زخمی ہوگیا تھا اور بعض گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا تھا جس کے بعد تلگودیشم پارٹی نے ہفتہ کو احتجاج کی اپیل کی تھی۔
اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کے ناگہانی واقعات کو روکنے کے لئے پولیس نے اصل اپوزیشن کے لیڈروں بشمول سابق وزیر امرناتھ ریڈی،این کشور کمار ریڈی،جی شنکریادو،پی نانی،بی این راج نرسمہلو،جی نرسمہایادو اور دیگر کو ان کے مکانات پر نظربند کردیا۔پولیس نے واضح کیا کہ کوویڈ کے اصولوں کے پیش نظر کسی بھی قسم کی ریلی،جلسے یا جلوس کی کوئی اجازت نہیں ہوگی۔
مراٹھواڑہ میں کورونا کے مزید 263 نئے کیسز اور 10 ہلاکتیں
اورنگ آباد: مہاراشٹر کے خطہ مراٹھواڑہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے 263 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ہیلتھ حکام نے یہ اطلاع دی ہے۔ ہیلتھ افسران نے بتایا کہ اسی عرصے کے دوران کورونا وائرس سے 10 مزید مریضوں کی موت ہوگئی۔
خطہ مراٹھواڑہ کے ضلع صدر دفاتر سے موصولہ تفصیلات کے مطابق اسی عرصے کے دوران ضلع بیڈ کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہوا اور 22 نئے کیسز سامنے آئے اور جان لیوا وائرس سے 3 افراد اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
اس کے بعد ضلع ناندیڑ میں 43 نئے کیسز اور دو اموات ، ضلع جالنہ میں 22 نئے کیسز اور دو اموات ،ضلع اورنگ آباد میں 70 نئے کیسز اور ایک موت ضلع عثمان آباد میں 28 کیسز اور ایک موت ، ضلع پربھنی میں 23 نئے کیسز اور ایک موت اورضلع لاتور میں 57 اور ضلع ہنگولی میں مزید دو نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
کورونا: نیویارک میں روسی قونصل خانہ سال کے آخر تک بند رکھنے کا فیصلہ
ماسکو: نیویارک میں روسی قونصل جنرل نے کہا کہ کوڈ 19 کے تناظر میں رواں سال کے آخر تک بند رہے گا۔ قونصل خانے نے جمعہ کی رات دیر گئے ٹویٹ کیا ”کورونا وائرس کی وجہ سے خراب ہونے والے حالات کے پیش نظر نیویارک میں قونصل خانہ سال کے آخر تک عارضی طور پر بند رہے گا”۔ عالمی وبا کورونا وائرس سے دنیا بھر میں 7 کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ ملک ، امریکہ میں 294،000 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
جرمنی: کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں میں اضافہ کا امکان
ماسکو: برلن کے میئر مائیکل مولر نے کہا کہ جرمن حکومت 20 دسمبر سے کورونا وائرس سے متعلق قرنطین اقدامات میں اضافہ کرسکتی ہے۔ اس سے قبل جرمنی کے ‘بلڈ’ اخبار نے 27 دسمبر سے کورونا وائرس سے متعلق قرنطین میں اضافے کی اطلاع دی تھی۔
مولر نے جے ڈی ایف کو بتایا”ہم نے دیگر ریاستوں کے اپنے شراکت داروں سے بات چیت میں غور کیا کہ 20 دسمبر سے قرنطین سے متعلق مزید پابندیاں عائد کردی جائیں گی ، تاکہ ہم یہ کہہ سکیں کہ خوردہ شعبہ یقینی طور پر بند رہے گا”۔
اس دوران ، روزمرہ کی اشیائے ضروریہ اور دواخانوں کے علاوہ تمام دکانیں بند رہیں گی۔ توقع ہے کہ اسکول بھی بند رہے گا۔ عالمی وبا کورونا وائرس نے دنیا بھر میں 7 کروڑ سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے۔ جرمنی میں کورونا وائرس سے اب تک 21،000 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
برازیل: کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 180،000 سے متجاوز
برازیل: برازیل میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جان لیوا کورونا وائرس سے 646 افراد ہلاک ہوئے ہیں ، جس سے اموات کی مجموعی تعداد 180،411 ہوگئی ہے۔
برازیل کی وزارت صحت نے بتایا کہ اسی عرصے کے دوران کورونا وائرس کے 53،030 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6،834،829 ہو چکی ہے۔ وہیں 77،001 افراد کی شفایابی سے صحت مند مریضوں کی مجموعی تعداد 60.4 لاکھ ہوگئی ہے۔
خیال عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے 11 مارچ2020 کو کوڈ 19 کو ایک عالمی وبا قرار دیا تھا۔ دنیا میں برازیل، امریکہ اور ہندوستان کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔ اب تک دنیا بھر میں مجموعی طور پر 7 کروڑ افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔
دنیا بھرمیں 7 کروڑ سے زائد لوگ کورونا سے متاثر
عالمی وبا کورونا وائرس نے دنیا بھر میں 7 کروڑ سے زائد افراد کو اپنی زد میں لے لیا ہے۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں اب تک مجموعی طور پر 70،000،538 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ وہیں اس وبا کی وجہ سے 15 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں امریکہ ، ہندوستان اور برازیل شامل ہیں۔
کورونا وائرس سے امریکہ میں ہلاکتیں 3 لاکھ سے متجاوز
امریکہ میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر ہلاکتیں 3 لاکھ سے زائد ہوگئیں۔ مہلک ترین اور جان لیوا وائرس سے بیمار ہونے والے لوگوں کی تعداد 1 کروڑ 61 لاکھ 96 ہزار 800 سے زائد ہو چکی ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس سے شفا یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 93 لاکھ 93 ہزار 500 ہو گئی ہے۔
نیو یارک میں آئندہ ہفتہ سے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے اندر بیٹھ کر کھانوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ کورونا وائرس کے کیسز اور ہلاکتوں کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکہ پہلے نمبر پر ہے۔ دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے خبر دار کیا ہے کہ کرسمس پر شہریوں نے کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار نہ کیں تو خوشیاں غم میں بدل سکتی ہیں۔