سری نگر، 10 نومبر (یو این آئی) جنوبی ضلع شوپیاں کے کٹپورہ میں پیر کی رات دیر گئے سکیورٹی فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان ہونے والے ایک مسلح تصادم میں دو جنگجو مارے گئے ہیں۔
جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں کے کٹپورہ میں ہونے والے مسلح تصادم میں دو عدم شناخت جنگجو مارے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے۔
سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ شوپیاں کے کٹپورہ میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس، فوج کی 34 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے میں پیر کی شام دیر گئے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک مشتبہ جگہ کو محاصرے میں لینے کے دوران وہاں موجود جنگجوئوں نے فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا جس میں دو جنگجو مارے گئے۔
ایک رپورٹ کے مطابق انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر ضلع شوپیاں میں موبائل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرا دی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق شوپیاں میں مزید دو جنگجوئوں کی ہلاکت کے ساتھ وادی میں رواں برس اب تک مارے جانے والے جنگجوئوں کی تعداد بڑھ کر 193 ہوگئی ہے۔ ان میں دو درجن غیر ملکی جنگجو شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کم از کم 9 مقامی جنگجوئوں نے تصادم آرائیوں کے دوران خود سپردگی اختیار کی ہے۔