نئی دہلی : سابق مرکزی وزیر اور اکالی دل کی رکن پارلیمنٹ ہرسمرت کور بادل نے بدھ کے روز بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کج جس پارٹی کی ساری سیاست ہندوؤں اور مسلمانوں پر مرکوز ہے ، انہیں مسلمانوں کی فکر کیسے ہوگئی ہے؟
ہرسمرت کور نے لوک سبھا میں وقف (ترمیمی) بل 2025 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے مطابق اگر یہ بل مسلمانوں کے لئے اتنا ہی فائدہ مند ہے تو ایوان میں موجود ایک بھی مسلم رکن پارلیمنٹ اس کی حمایت کیوں نہیں کر رہا ہے۔ ہرسمرت نے کہا کہ اگر حکومت کی نیت صاف ہے تو ایودھیا میں رام مندر کے بورڈ میں دو مسلمانوں کو شامل کیا جائے۔
وہیں ، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ سمبیت پاترا نے بحث کے دوران کہا کہ اگر وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت پسماندہ اور بوہرہ برادریوں کی ترقی چاہتی ہے تو اس پر ہنگامہ کیوں کیا جا رہا ہے۔ پاترا نے کہا کہ ہندوستان کے مسلمان دنیا کے مسلم ممالک سے زیادہ محفوظ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترکی، انڈونیشیا، مصر اور سعودی عرب جیسے مسلم ممالک میں وقف کا نظام نہیں ہے، جب کہ ہندوستان میں وقف کا قانون موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مودی حکومت پسماندہ اور مسلمانوں کی بوہرہ برادری جیسی محروم برادریوں کی ترقی چاہتی ہے تو اس پر ہنگامہ کیوں کیا جا رہا ہے۔