سان فرانسسکو ، یکم اگست (ژنہوا) امریکہ کے الاسکا میں واقع جزیرہ نما کینائے پر سولٹنہ ہوائی اڈے کے قریب جمعہ کی صبح دو طیارے آپس میں ٹکرا گئے۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے ایک بیان کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے ، ہوائی اڈے سے شمال مشرق میں دو میل کی دوری پر ایک انجن والے ڈی ہاولینڈ ڈی ایچ سی -2 بیور طیارہ دو انجن والے پائپر ایزٹیک طیارے سے ٹکرا کر حادثے کا شکار ہوگیا۔
ایف اے اے اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) اس حادثے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
این ٹی ایس بی الاسکا کے چیف کلینٹ جانسن کے مطابق گر کر تباہ ہونے والے طیارے کا ملبہ اسٹرلنگ ہائی وے کے قریب گرا ہے۔
دونوں طیاروں میں سوار افراد کی تعداد کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ اسپتال کے ترجمان نے جمعہ کی سہ پہر کو بتایا کہ سولٹنہ کے وسطی جزیرہ نما اسپتال میں ایمبولینس کے ذریعے لائے جانے والے ایک شخص کی موت ہوگئی ہے۔