کولمبو : خصوصی تربیت کے لیے جنوبی کوریا بھیجے گئے سری لنکا کے دو قومی تیر انداز کھلاڑی وہاں پہنچنے کے فوراً بعد ایئرپورٹ سے لاپتہ ہو گئے۔
کولمبو پوسٹ کے مطابق وزارت کھیل کی منظوری کے بعد سری لنکا آرچری ایسوسی ایشن (ایس ایل اے اے) نے پانچ کھلاڑیوں اور ایک کوچ پر مشتمل ٹیم کو خصوصی تربیت کے لیے جنوبی کوریا بھیجا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ اس ٹیم کے دو کھلاڑی جنوبی کوریا کے ہوائی اڈے پر اترنے کے دوران ٹیم انتظامیہ یا دیگر ساتھی کھلاڑیوں کو بتائے بغیر اچانک لاپتہ ہو گئے۔
جس کے بعد سری لنکا کے صرف تین کھلاڑیوں اور کوچز نے 21 سے 25 اگست تک ہونے والے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔سری لنکا تیر اندازی ایسوسی ایشن کے صدر روشن کدنتاچی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم منیجر کی رپورٹ کے مطابق اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ ساتھ سری لنکن آرمی اور نیوی کے اسپورٹس حکام کو بھی اس بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔