شیوسینا کے سربراہ اور کانگریس ، این سی پی اورسینا اتحاد ( ایم وی اے ) کے لیڈر ادھو ٹھاکرے نے آج شام تاریخی شیواجی پارک میں ملک بھرکے علاقائی لیڈروں اور ہزاروں افراد کی موجودگی میں عہدہ اوررازداری کا حلف اٹھایا – ان کے ساتھ کانگریس ، این سی پی اور شیو سینا کے لیڈروں نے وزیر کے عہدہ کا بھی حلف لیا ۔
تقریبا 20 سال بعد شیوسینا کو وزیراعلیٰ کا عہدہ ایک بارپھر مل گیا ہے ۔ ادھو، منوہرجوشی، نارائن رانے کے بعد سینا کے تیسرے وزیراعلیٰ بن گئے ہیں۔حالانکہ گزشتہ پانچ سال شیوسینا اقتدار میں رہی ، لیکن اقتدار کی باگ ڈوربی جے پی کے دیویندرفڑنویس کے ہاتھوں میں رہی تھی ۔
ریاست کے گورنربھگت سنگھ کوشیاری نے انہیں حلف دلایا۔ حلف برداری کے فوری بعد شیواجی پارک ہی نہیں ، بلکہ جگہ جگہ جشن کاسماں نظرآیا ، آتش بازی چھوڑی گئی اور ڈھول تاشے کے ساتھ شیوسینک جھوم اٹھے ۔ ادھوٹھاکرے نے مراٹھی میں حلف لیا ۔