ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ”میں نے یہ بات 2 دن پہلے گڈکری سے کہی تھی اور آج پھر دہراتا ہوں کہ اگر آپ کی توہین ہو رہی ہے تو ہمارے ساتھ شامل ہو جائیے، ہم آپ کیجیت کو یقینی بنائیں گے۔‘‘
شیوسینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے ایک بار پھر مرکزی وزیر نتن گڈکری سے کہا کہ ’’اگر بی جے پی میں آپ کی توہین ہو رہی ہے تو آپ بی جے پی کو چھوڑ دیں اور ہماری مہاوکاس اگھاڑی کے ساتھ آجائیں۔ اگر آپ بی جے پی چھوڑ دیتے ہیں تو مہاراشٹر میں اپوزیشن پارٹیاں ایک ساتھ مل کر لوک سبھا انتخاب میں آپ کی جیت کو یقینی بنائیں گی۔‘‘
ادھو ٹھاکرے مشرقی مہاراشٹر کے ایوت محل ضلع کے پوسد میں ایک ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ’’یہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ وزیر اعظم مودی کے ساتھ کرپا شنکر سنگھ جیسے لوگوں کے نام بی جے پی کی پہلی فہرست میں شامل تھے، جنہیں بی جے پی علانیہ طور پر بدعنوان کہتی رہی ہے، لیکن اس فہرست سے نتن گڈکری کا نام غائب تھا۔‘‘ ٹھاکرے نے مزید کہا کہ ”میں نے یہ بات گڈکری سے دو دن پہلے کہی تھی اور آج میں اسے پھر دوہرا رہا ہوں کہ اگر آپ کی توہین کی جا رہی ہے تو بی جے پی چھوڑ کر مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) میں شامل ہو جائیے۔ ہم سب مل کر آپ کی جیت کو یقینی بنائیں گے۔ جب ہماری حکومت آئے گی تو ہم آپ کو وزیر بنائیں گے اور یہ اختیارات اور طاقت والا عہدہ ہوگا۔‘‘ واضح رہے کہ ایم وی اے میں شیوسینا (یو بی ٹی)، این سی پی (شرد چندر پوار)، کانگریس و دیگر پارٹیاں شامل ہیں۔