لندن، 13 اپریل (یو این آئی/ اسپوتنک) برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ ان پر کووڈ-19 لاک ڈاؤن کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے اپنے ہی بنائے گئے اصولوں پر عمل نہ کرنے پر معذرت بھی کی۔
اسکائی نیوز کے ذریعہ آن لائن پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں، وزیر اعظم نے کہا ’’میں نے جرمانہ ادا کر دیا ہے اور ایک بار پھر معافی مانگ رہا ہوں‘‘۔
اگرچہ انہوں نے اپنا موقف رکھتے ہوئے کہا کہ جب وہ جون 2020 کو ڈاؤننگ اسٹریٹ پر کیبنیٹ روم میں لوگوں کے ہجوم کے درمیان اپنی سالگرہ منانے پہنچے تو انہیں محسوس نہیں ہوا کہ وہ کوئی اصول توڑ رہے ہیں۔
مسٹر جانسن نے کہا ’’اس وقت مجھے نہیں لگتا تھا کہ میں کسی اصول کی خلاف ورزی کر رہا ہوں، حالانکہ پولیس کو ایسا ہی لگا‘‘۔
انہوں نے بتایا کہ اب ان کے لیے بہتر ہے کہ وہ کام پر توجہ دیں۔ مسٹر جانسن نے کہا کہ وہ استعفیٰ نہیں دیں گے۔ انہیں اپوزیشن اور ان کی کنزرویٹو پارٹی دونوں کی جانب سے استعفیٰ دینے کے لیے مسلسل کالز موصول ہو رہی ہیں۔