یوکرین نے کہا ہے کہ چرنوبل نیوکلیئر پاور اسٹیشن پر بجلی منقطع ہونے کے بعد تابکاری اثرات کا خطرہ موجود ہے، تاہم اقوام متحدہ کے جوہری نگرانی کے ادارے کے مطابق اس سے سلامتی اور تحفظ پر زیادہ اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق دوسری جانب ‘انٹرفیکس’ نامی نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ روس کی وزارت دفاع نے یوکرینی افواج پر بجلی کی لائنوں اور چرنوبل نیوکلیئر پاور پلانٹ کو فیڈ کرنے والے سب اسٹیشن پر حملہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین کا یہ عمل خطرناک اشتعال انگیزی ہے۔
یوکرین کی سرکاری نیوکلیئر کمپنی انرگوتم نے کہا ہے کہ ایک ہائی وولٹیج پاور لائن کو یوکرین کے فوجیوں اور روسی افواج کے درمیان لڑائی کے دوران نقصان پہنچا تھا جو کہ غیر فعال پلانٹ پر قبضہ کررہے تھے جس سے وہ لائن قومی پاور گرڈ سے منقطع ہوگئی۔