لکھنؤ : راجدھانی کے کینٹ تھانہ علاقہ بڑی لال کرتی علاقہ میں سنیچر کی رات تیزرفتار کار بے قابو ہوکر مخالف سمت میںجاکر دو پیڑوں سے ٹکراکر پلٹ گئی۔ حادثے میں ایک انجینئر اور ایک ڈاکٹر کی موت ہوگئی۔ جب کہ ان کے تین لوگ زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت سنگین بتائی جارہی ہے۔
جونپور باشندہ وکاس موریہ 23 میٹرو میں انجینئر تھے وہ اعظم گڑھ باشندہ ڈاکٹر اجے کمار 34 کے ساتھ پی جی آئی علاقہ کے ایک اپارٹمنٹ میں کرائے پر رہتے تھے۔ دونوں سنیچر کو تین دوستوں امت گپتا، سوربھ گپتا اور امت موریہ (میٹروملازم) کے ساتھ کارسے گھومنے نکلے تھے۔
امت اور سوربھ دونوں چچیرے بھائی تھے۔ امت گپتا کار چلارہے تھے، پولیس کے مطابق رات قریب 1 بجےسے سبھی تیلی باغ سے کینٹ ہوتے ہوئے حضرت گنج کی طرف جارہے تھے بڑی لال کرتی علاقہ میں اچانک ویگن آر کار یوپی 32 کے این 8430 بے قابو ہوکر سڑک کی دوسری طرف جاکر ایک کے بعد ایک دو پیڑوں سے ٹکرا کر پلٹ گئی۔ وکاس اور اجے کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
کینٹ انسپکٹر نے بتایاکہ زخمی امت گپتا، سوربھ اور امت موریہ کو کے جی ایم یو ٹراماسینٹر میں بھرتی کرایا گیا ہے۔ امت گپتا کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔ کار کی بے قابو رفتار اور لاپروائی سے ڈرائیورنگ حادثے کی وجہ بنی۔
پولیس کے مطابق کار کی حالت اور حادثے کی سنگینی سے لگ رہا ہے کہ کار کی رفتار کم سے کم 100 کلو میٹر فی گھنٹہ رہی ہوگی۔ یہی نہیں کارسوار دوستوں نےسیٹ بیلٹ بھی نہیں لگائی تھی۔
7دو گھنٹے کار میں پھنسے رہے ، گیس کٹرسے کاٹ کر نکالا:- پیڑوں سے اتنی تیزی سے کار ٹکرائی کہ آگے کا حصہ پوری طرح سے دب گیاتھا جس سےکار سوار سبھی لوگ اندر پھنس گئے۔ حادثہ دیکھ کر لوگ جمع ہوگئے لیکن وہ کسی کو باہر نہیں نکال پارہے تھے۔
اندر سبھی خون سے لت پت تھے اور ان کی چیخیں سنائی دے رہی تھیں۔ دو لوگوں کے جسم کا نچلا حصہ دبا تھا جب کہ سر باہر تھا ۔ پولیس اور فابربریگیڈ ملازمین جب پہنچے تب انہوں نےگیس کٹر سے کار کے مخدوش حصے کوکٹواکر ان کو باہر نکال کر اسپتال پہنچایا۔
7حادثے نےدوکنبوں کی خوشیاں چھینی:- وکاس کے والد پھولہن موریہ اور ماں ہیرا وتی جونپور میں رہتے ہیں۔ بھائی آکاش بی ایس سی کا طالب علم ہے۔ والد گرام پردھان ہیں وہیں ڈاکٹر اجے کے والد ڈاکٹر نند لال، ماں امرتی دیوی سمیت دیگر کنبے کے افراد اعظم گڑھ میںرہتے ہیں۔
ان کا ڈھائی سال کا بیٹا تیجس ہے۔ ڈاکٹر اجے کی بیوی سویتا اس وقت حاملہ ہیں۔ بھائی پی سی ایس افسر ہے۔ حادثے نے دونوں کنبوں کی خوشیاں چھین لی۔ اپنوں کی موت کی خبر سن کر ان سبھی کا دل دہل گیا۔
7سمجھ میں نہیں آیاکہ کیا ہوا….
امت موریہ زخمی ہیں لیکن وہ ہوش میں ہیں بات چیت کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ وکاس کا پرموشن ہوا تھا ہم لوگوں نے طے کیا کہ رات میں گھومنے چلیں گے اس لئے کار سے نکلے تھے کہ چارباغ میںجاکر چائے پئیں گے۔ وہیں جارہے تھے کہ اچانک حادثہ ہوگیا اور کچھ سمجھ میں نہیں آیا بس کار ٹکرانے کی آواز آئی اور پھر سب خون سے لت پت ہوگئے۔