ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایونٹس میں اگر رائل رمبل کو سب سے دلچسپ قرار دیا جائے تو غلط نہ ہوگا کیونکہ تیس ریسلرز کے درمیان ہونے والا مرکزی میچ میں ان افراد کو بھی دلچسپی ہوجاتی ہے جو اس کھیل کو کچھ زیادہ پسند نہیں کرتے۔
اس سال ڈبلیو ڈبلیو ای کا سال کا پہلا بڑا ایونٹ ایک ایسے ریسلر کی رائل رمبل میچ میں فتح کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جس کا تصور بھی کسی نے نہیں کیا تھا۔
تیس افراد کے مقابلے رائل رمبل کو دیکھنے کے لیے کئی دنوں سے پرستار بے صبری سے انتظار کررہے تھے اور ڈینیئل برائن کو اس میں کامیابی کے لیے فیورٹ سمجھا جارہا تھا مگر یہ مقابلہ ایک غیرمتوقع ریسلر نے اپنے نام کیا۔
درحقیقت یہ ریسلر عرصے سے طبی مسائل کے باعث ڈبلیو ڈبلیو ای سے دور تھا اور کئی سال بعد 2020 میں واپسی ضرور ہوئی مگر پھر زخمی ہونے کے بعد رنگ سے دوری اختیار کرنا پڑی۔
ریٹڈ آر سپر اسٹار کے نام سے مشہور ایج نے اپنے کیرئیر میں دوسری بار رائل رمبل کو جیتنے کا اعزاز حاصل کیا جو یقیناً حیران کن تھا۔
سینٹ پیٹرزبرگ میں منعقد ہونے والے ایونٹ میں ایج نے 58 منٹ 28 سیکنڈ تک رنگ میں رہ کر آخر میں دوسرے نمبر میں آنے والے رینڈی اورٹن کو باہر پھینک کر کامیابی حاصل کی اور ریسل مینیا 37 میں چیمپئن شپ مقابلے کا ٹکٹ حاصل کرلیا۔