نئی دہلی،2 نومبر(یواین آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پریانکا گاندھی واڈرا نے مہنگائی اور کساد بازاری پر حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سرمایہ داروں کو فروغ دے رہی ہے اور کسانوں اور غریبوں کو نظر انداز کررہی ہے۔
ایک ٹوئٹ میں مسٹر گاندھی نے حکومت پر طنزیہ لہجے میں کہا ’’ملک کے کسانوں نے مانگی منڈی، وزیر اعظم نے انہیں تھمادی خوفناک مندی‘‘۔
اس ٹویٹ کے ساتھ ہی کانگریس قائد نے منڈی کی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بہار کے کسانوں نے حکومت کی زرعی پیداوارمارکیٹ کمیٹی-اے پی ایم سی جیسے اصلاحاتی اقدامات کو مسترد کردیا ہے۔
مسز واڈرا نے کہا ’’بی جے پی کا عوام کو دیوالی کا تحفہ: زبردست مہنگائی۔ بی جے پی کا اپنے سرمایہ دار دوستوں کو دیوالی گفٹ : 6 ایئر پورٹس۔ سرمایہ داروں کے ساتھ سرمایہ داروں کا وکاس‘‘۔