امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں لگی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا ہے اور آگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 27 ہوچکی ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق 7 جنوری سے لگی اس بدترین آگ کے باعث 37 ہزار ایکڑ سے زائد کا رقبہ جل کر تباہی کے مناظر پیش کررہا ہے۔
دوسری جانب حکام نے آگ سے تباہ ہونے والی عمارتوں کا ملبہ ہٹانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی کہ جب تک خطرناک مواد کی جانچ کرنے والا محکمہ اپنی تحقیقات مکمل نہیں کرلیتا۔ حکام کا کہنا ہے کہ عمارتوں کے ملبے، راکھ اور گرد میں ایسبیسٹوس، بھاری دھاتیں اور دیگر خطرناک مواد شامل ہوسکتے ہیں۔
یہ خطرناک اجزا سانس کے ذریعے، جلد پر لگنے سے یا پینے کے پانی میں شامل ہوکر جسم میں داخل ہوسکتے ہیں۔ ملبے کو نامناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے سے ان خطرناک مادوں کے پھیلاؤ کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے ۔