ایس ٹی ایف میرٹھ کی ٹیم نے شاملی کے جھنجھانا علاقے میں کگا گینگ کے خلاف زبردست کارروائی کرتے ہوئے 4 بدمعاشوں کو ڈھیر کر دیا ہے۔ ایس ٹی ایف ٹیم نے پیر کی دیر رات تقریباً 2 بجے گینگ کے رکن ارشد اور اس کے تین ساتھیوں منجیت، ستیش اور ایک دیگر کو پکڑنے کے لیے انہیں گھیر لیا۔
گھیرے سے نکلنے کے لیے ارشد اور اس کے ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ ایس ٹی ایف کے اے ایس پی برجیش کمار نے بتایا کہ جوابی فائرنگ میں ایک لاکھ کے انعامی ارشد سمیت 4 بدمعاشوں کی موت ہو گئی۔
ارشد کے خلاف لوٹ، ڈکیتی اور قتل کے ایک درجن سے زیادہ معاملے درج ہیں۔ تصادم کے دوران ایس ٹی ایف ٹیم کی قیادت کر رہے انسپکٹر سنیل کے پیٹ میں تین گولیاں لگیں۔ انہیں کرنال کے امرت دھارا اسپتال میں لے جایا گیا جہاں ان کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے گروگرام کے میدانتا اسپتال ریفر کر دیا۔ مارے گئے چار بدمعاشوں میں ایک کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔
ذرائع کے مطابق مارے گئے بدمعاشوں میں ارشد ولد جمیل، رہائشی باڑھی ماجرا تھانہ گنگوہ، سہارن پور، منجیت ولد مہتاب رہائشی روہٹ، تھانہ کھرکھودا، سونی پت، ہریانہ، ستیش ولد راج سنگھ رہائشی اشوک وِہار، تھانہ مدھوبن، کرنال شامل ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ایک دن ہاتھرس پولیس نے بھی تصادم میں تین بدمعاشوں کو گرفتار کیا ہے، جس میں سے ایک گولی لگنے سے زخمی ہے۔ پکڑے گے ملزمان پہلے بھی مارپیٹ، جان سے مارنے کی دھمکی، چوری، قتل کی کوشش اور ایس سی ایس ٹی ایکٹ وغیرہ جیسے کئی سنگین دفعات میں جیل جا چکے ہیں۔