لکھنؤ:الیکٹرانک ووٹنگ مشین(ای وی ایم) پر اٹھ رہے سوالات کے درمیان الیکشن کمیشن نے کہا کہ اتر پردیش کی گورکھپور اور پھول پور لوک سبھا سیٹوں پر ہو رہے ضمنی انتخاب میں تمام ای وی ایم میں ووٹر ویری فائیڈ پیپر آوٹ ٹرائل( وی وی پی اے ٹی) لگائے جائیں گے ۔
ریاست کے چیف الیکشن افسر ایل وینکٹیشور لو نے آج یہاں یو این آئی کو بتایا کہ پھول پور اور گورکھپور سیٹ پر غیرجانبدارانہ پولنگ کرانے کے لیے تمام بوتھوں پر وی وی پی اے ٹی کا استعمال کیا جائے گا۔
مسٹر لو نے بتایا کہ ضمنی انتخابات میں ایک بوتھ پر 1400 ووٹر ووٹ ڈال سکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ نامزدگی داخل کرنے کے آخری دن پھول پور لوک سبھا سیٹ سے چھ اور گورکھپور سیٹ سے سات امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے ۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کے بعد گورکھپور نشست پر دس اور پھول پور سیٹ پر 22 امیدوار انتخابی میدان میں ہے ۔
انہوں بتایا کہ ضمنی انتخابات کے پیش نظر حکام نے دونوں اضلاع کا دورہ کیا ہے ۔کمیشن ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے الیکشن سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لے رہا ہے ۔ پھول پور لوک سیٹ پر 19,61,472ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے جن میں 10,78,173 مرد، 8,83,101خواتین اور 198 تیسری جنس کے ہیں۔ گورکھپور سیٹ پر 19,49,284رائے دہندگان ہیں جن میں 10,72,191 مرد،8,76,937خواتین اور 156 تیسری جنس کے ہیں۔
چیف الیکشن افسر دفتر نے بتایا کہ مجموعی طور پر گورکھپور کے علاقے میں کل ملاکر 6517 اور پھول پور لوک سبھا حلقوں میں 3632 معذور ووٹر ہیں۔ پھول پور میں 838 انتخابی اسٹیشن اور 2154 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں جبکہ گورکھپور میں ضمنی انتخابات کے لئے 967 انتخابی اسٹیشن اور 2141 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پرامن اور غیرجانبدارانہ پولنگ یقینی بنانے کے لئے ملازمین کو تربیت دی جائے گی۔ دونوں اضلاع میں 60غیرقانونی ہتھیار اور103گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ تقریباََ 12000سے زائد لائسنس شدہ ہتھیاروں کو جمع کرایا گیا ہے ۔ امن و قانون قائم رکھنے کے لئے 26633لوگوں پر سی آر پی سی کی دفعہ 107/116کے تحت پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ دونوں اضلاع میں پانچ سو سے زائد غیرضمانتی وارنٹ تعمیل کئے گئے ہیں ۔ اب تک تقریباََ8000لیٹر غیرقانونی شراب ضبط کی گئی ہے ۔
خیال رہے کہ دونوں سیٹوں کے لئے پولنگ گیارہ مارچ کو ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 14مارچ کو ہوگی۔