بستی: اترپردیش میں ضلع بستی میں پچھلے ایک ماہ سے جاری شدید سردی کا قہر کم نہیں ہوا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ بستی ڈویژن کے تینوں اضلاع بستی، سدھارتھ نگر اور سنت کبیر نگر میں شدید سردی سے بچاؤ کے لئے ڈویژنل کمشنر دنیش کمار سنگھ نے ضلعی افسران کو غریبوں کو ہر ممکن مدد دینے کے احکام جاری کئے ہیں۔
انتظامیہ اور این جی اوز کی مدد سے بستی میں چھ ہزار ، سنت کبیر نگر میں پانچ ہزار اور سدھار نگر میں سات ہزار لوگوں کو گرم کپڑے اور کمبل تقسیم کئے گئے ۔ شدید سردی کے سبب معمول کی زندگی میں خلل پڑرہا ہے ۔ بہت ضروری کام ہونے پر ہی لوگ گھروں سے باہر نکل رہے ہیں۔ کہرا اور برفیلی ہوائیں چلنے سے سڑک حادثات میں اضافہ ہوا ہے اور ریلیں بھی متاثر ہوکر تاخیر سے چل رہی ہیں۔