دیوریا، 19 ستمبر (یو این آئی) اتر پردیش میں دیوریا ضلع کے صدر کوتوالی علاقے میں پیر کی علی الصبح ایک دو منزلہ پرانا مکان اچانک گر گیا جس سے ایک ہی خاندان کے تین افراد کی دب کر موت ہو گئی۔ اس واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ضلع انتظامیہ کو راحت اور بچاؤ کام شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔
پولیس کے مطابق دیوریا شہر میں علی الصبح جب مکان گرا تو سبھی سو رہے تھے۔ اس حادثے میں ایک بچی اور اس کی ماں اور باپ کی موت ہو گئی۔ پولیس کے مطابق مکان بہت پرانا اور خستہ حال تھا۔
وزیر اعلی کے دفتر سے موصولہ اطلاع کے مطابق وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے مرنے والوں کے سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے دیوریا کے ضلع مجسٹریٹ اور سینئر پولیس افسران کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے کی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی امدادی فنڈ سے مرنے والوں کے لواحقین کو چار لاکھ روپے کی امدادی رقم دینے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔