پریاگ راج : کمبھ میلہ ۱۹۔۲۰۱۸کا اترپردیش جل نگم ادائیگی نہیں کرارہا ہے ،مزدور بھکمری کے دہانے پرہیں ،کمبھ میلہ میں جل نگم کاکام کرنے والے میسرس بھانوپرتاپ سنگھ کی کمپنی کی باقی ادائیگی جل نگم ایگزیکٹیوانجینئر امت کمارکٹیار کے ذریعہ روکی گئی ہے،
جس کی کل رقم ۱۵لاکھ ۱۳ہزار ۸۰روپئے ہے جس کی وجہ سے آج اس کوروناکے دور میں تقریباً سیکڑوںمزدور جومحکمہ محنت میں رجسٹرڈ ہیں آج وہ اور ان کا کنبہ بھکمری کے دہانے پر آچکاہے اور ان کے سامنے کنبہ سمیت خود کشی کے علاوہ کوئی راستہ باقی نہیں بچاہے۔
بھانو پرتاپ سنگھ نے کئی افسران سمیت وزیراعلیٰ اترپردیش کے پورٹل پربھی درخواست دی ہے جس کا کوئی تصفیہ نہیں ہوپارہاہے۔بھانو پرتاپ سنگھ نے کہاکہ افسران کے چکر لگالگاکر میں مایوس ہوچکاہوں اور کورونادور سے قبل توہمارے مزدور دیگر مقامات پر کام کرکے اپنی زندگی چلارہے تھے،لیکن اب ان کے پاس کوئی کام نہیں ہے اگر جل نگم محکمہ سے ہمیں بقایارقم کی ادائیگی ہوجاتی ہے توہم اپنے مزدوروںکوان کا بقایا دے دیں گے جس سے انہیں اور ان کے کنبہ کو اس وبا میں تکلیف نہ ہوتی ۔ ضلع انتظامیہ اور حکومت یہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ یہ وہی مزدور ہیں جن کو اپنے گزر بسر کےلئے روزخون پسینہ ایک کرنا پڑرہاہے۔آج متاثرنے اے ڈی ایم کو عرضداشت دے کربقایا بل کی ادائیگی جلد سے جلد کرائے جانے کی اپیل کی ہےاور کہاہے کہ بقایا رقم جلد سے جلد دلانے کی زحمت گوارا کی جائے تاکہ ہم اپنے مزدوروں کو ان کے بقایاکی رقم جلد سے جلد اداکرسکیں۔