سہارنپور:اترپردیش میں سہارنپورکے رام پورمنیہار علاقہ میں گھر کے باہر درج فہرست ذات کے ایک شخص کے ذریعہ چارپائی ڈالنے پر تنازعہ پیداہوگیا اورذات پات کے اس تصادم میں 60سالہ دلت کو گولی مارکر قتل کردیاگیا،جس سے گاؤں میں کشیدگی پیداہوگئی ۔
سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ اپیندر اگروال نے جمعرات کو بتایاکہ گزشتہ شب تقریبا پونے دس بجے گاؤں بھاکلا میں درج فہرست ذات کے سکھڑ اور انکے خاندان کے لوگ گھرکے باہر گلی میں چارپائی ڈالے ہوئے تھے ۔گاؤں کے گرجربرادری کے لوگوں نے اس پر اعتراض کیا اور اسی بات پر دونوں فریقوں کے درمیان کہاسنی ہوگئی اور اسکے بعد معاملہ تشددمیں بدل گیا۔انھوں نے بتایاکہ تصادم کے دوران گولی لگنے سے سکھڑ (60)کی موت ہوگئی ۔اسکے بعد گاؤں میں کشیدگی پیداہوگئی ۔کشیدگی کے مدنظر گاؤں میں اضافی پولیس فورس تعینات کردی گئی ہے ۔انھوں نے بتایاکہ اس معاملہ میں چارپانچ دلت زخمی ہوئے ہیں ۔پولیس نے آج سکھڑ کے قتل کے معاملہ میں چارملزمان آشو،للت ،انکت اور گووند کو گرفتارکرلیاہے ۔