نئی دہلی، 22 اپریل (یو این آئی) اترپردیش کے شاہجہاں پور ضلع میں ایک ریلوے کراسنگ پر آج صبح ایک ٹرک سے 05012 اپ چنڈی گڑھ۔ لکھنٔو ایکسپریس ٹرین کے ٹکراجانے سے ٹرک میں سوار چار لوگوں کی موت ہوگئی۔
شمالی ریلوے کے چیف تعلقات عامہ کے افسر دیپک کمار نے یہاں بتایا کہ مراد آباد ڈویژن کے تحت بلپور ۔ میران پور کٹرا اسٹیشنوں کے درمیان 05012 اپ چنڈی گڑھ۔ لکھنٔو ایکسپریس ریلوے سمپار نمبر جی 343 اے پر ایک ٹرک سے ٹکراگئی جس سے ٹرک میں سوار چار لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
اس حادثے میں ٹرین میں سوار تقریباً 850 مسافروں میں سے کسی کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ ٹکر کے بعد ٹرین کے کچھ کوچ پٹری سے اتر گئے جس سے اب اور ڈاؤن دونوں لائنوں پر آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔
اس حادثے کے سبب کام از کم 18 ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں جن میں آٹھ مال گاڑیاں شامل ہیں۔ ٹریک کو ٹریفک کے لئے کھولنے کا کام شروع ہوگیا ہے۔
مسٹر کمار نے بتایا کہ اس حادثے کے اسباب کی جانچ کے لئے اعلی افسران کی ایک تین رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے جو کچھ دنوں میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔