گریٹر نوئیڈا، 11 نومبر (یو این آئی) اترپردیش کے گریٹر نوئیڈا کے ایسٹرن پیری فیرل ایکسپریس وے پر پیر کی صبح پیش آئے سڑک حادثہ میں 3 خواتین سمیت 5 افراد ہلاک اور 8 دیگر زخمی ہو گئے۔
زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو گریٹر نوئیڈا کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
ایس پی (دیہی) رن وجے سنگھ نے بتایا کہ ہریانہ کے بلبھ گڑھ کے رہنے والے اور ایک ہی خاندان کے کچھ افراد ماروتی ایکو گاڑی سے ایسٹرن پیری فیرل ایکسپریس وے کے راستے گلاوٹھي کی جانب جا رہے تھے۔ اسی دوران پیچھے سے آ رہی کسی نامعلوم گاڑی نے ان کی گاڑی کو ٹکر مار دی۔
حادثے کے وقت گاڑی میں ڈرائیور اور بچوں سمیت تقریباً 13 افراد سوار تھے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر سبھی زخمیوں کو گریٹر نوئیڈا کے گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اسپتال میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے 3 خواتین سمیت 5 لوگوں کو مردہ قرار دے دیا۔ واقعہ میں زخمی ہوئے 8 لوگوں کا علاج کیا جا رہا ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ گریٹر نوئیڈا کے سائز 5 علاقے میں پیش آیا۔پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار سبھی لوگوں کو تعلق بلبھ گڑھ سے ہے اور سبھی ایک ہی خاندان کے ہیں جو کسی ذاتی کام سے ہاپوڑ کے ميٹھاپور جا رہے تھے۔