لکھنؤ: اترپردیش روڈ ویز کارپوریشن کے ڈھابوں پر ملنے والے کھانے کے معیار میں کمی اب ڈھابہ مالکان پر بھاری پڑنے والی ہے۔ روڈویز کارپوریشن کے ایم ڈی ڈاکٹر راج شیکھر نے ڈھابوںکا اچانک معائنہ شروع کردیا ہے۔
منگل کو انہوں نے لکھنؤ-بہرائچ شاہراہ کے گھاگھرا پوائنٹ پر بھارت ڈھابے کا معائنہ کیا۔ ڈھابے پر بڑے پیما نہ پر خامیاں دیکھ کر ایم ڈی نے فوراً ڈھابے کا معاہدہ منسوخ کرنے اور اسے بلیک لسٹ میں ڈالنے کی ہدایت افسران کو دی۔ ایم ڈی نے دو ٹریفک انسپکٹروںکو معطل کردیا۔
ایم ڈی روڈویز کارپوریشن ڈاکٹر راج شیکھر نے بتایاکہ لکھنؤ-بہرائچ شاہراہ کافی مصروف اور منافع والی شاہراہوں میں سے ایک ہے۔ اس روٹ پر روزانہ تقریباً ۲۰۰ سے ۳۰۰ بسیں چلتی ہیں۔ گزشتہ کچھ ماہ سے گھاگھرا گھاٹ پوائنٹ پر واقع بھارت ڈھابے کے معیار اور دیگر مختلف معاملوں پر شکایتیں مل رہی تھیں۔
جب اس ڈھابے کا معائنہ کیا گیا تو شکایتیں صحیح پائی گئیں۔ بھارت ڈھابے کو معاہدہ کی کئی شرطوں کی خلاف ورزی کرتے پایا گیا۔ اشیاء کافی خراب اور ناقابل قبول حالت میں پائی گئی۔ کھانا ہائیجنک حالات میں تیار نہیں کیاجارہا تھا۔ ڈھابے میں کھانا پکانے کےلئے گیس سلینڈر کی جگہ کوئلے کا استعمال کیا جارہا تھا،
کوئلے کا دھواں پورے کیمپس میں پھیلا ہوا تھا، پلیٹ اور برتن وغیرہ کی صفائی اور کچرا نمٹارہ کافی خراب حالت میں تھا۔ ایم ڈی نے بتایاکہ کیمپس میں پان مسالہ، گٹکا اور سگریٹ وغیرہ کی کئی دیگرچھوٹی دکانیں پائی گئیں۔ عوامی اطلاع کےلئے مناسب جگہوں پر ریٹ لسٹ نہیں لگائی گئی تھی ،پارکنگ علاقہ کچا تھا جہاں کافی کیچڑ تھی۔
ایم ڈی کے حکم کے بعدرینج کے آر ایم نے ڈھابے کا معاہدہ منسوخ کرنے کا حکم دیا۔ اس کے معیار کنٹرول میں ناکامی اور خراب سروے کےلئےٹریفک انسپکٹر کے کے شرما اور بندیا یادو کو معطل کرنے اور ٹریفک سپرنٹنڈنٹ بھلن پرساد کو چارج شیٹ دینے کا حکم دیا ہے۔ اس کے علاوہ اے آرایم بہرائچ کو اور آر ایم دیوی پاٹن منڈل کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرنے کا حکم سنایاگیا ہے۔