لکھنؤ: اترپردیش کے پوروانچل خطے میں 14 پارلیمانی سیٹوں پر بے خوف و صاف وشفاف الیکشن کے انعقاد کے لئے تقریبا 1.5 لاکھ سیکورٹی اہلکار کو تعینات کیا گیا۔ پروانچل میں چھٹے مرحلے کے تحت 12 مئی بروز اتوار کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ پولنگ صبح سات بجے سے شام چھ بجے تک جاری رہے گی۔
ریاستی چیف الیکشن افسر وینکٹیشور لو نے سنیچر کو بتایا کہ پولینگ پارٹیاں اپنے متعلقہ پولنگ بوتھ کے لئے روانہ ہوگئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گرمی کی تمازت کو دیکھتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہر پولنگ بوتھ پر پینے کے پانی، شیڈ، بیت الخلاء سمیت دیگر بنیادی ضروریات کو دستیاب کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ریاستی حکومت نے پولنگ بوتھوں پر سیکورٹی کے پیش نظر پی اے سی اور ضلع پولیس کے علاوہ سنٹرل فورسز کی 200 کمپنیاں تعینات کی ہیں۔ووٹروں میں اعتماد کی بحالی کے لئے پیلرا ملٹری فورسز حساس علاقوں میں فلیگ مارچ کررہی ہیں۔پرتاپ گڑھ، سلطان پور اور بھدوہی میں پولنگ کے دن تشدد کی پرانی تاریخ کو دیکھتے ہوئے یہاں پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
اس مرحلے کےتحت مرکزی وزیر مینکا گاندھی(سلطان پور)، سماج وادی سربراہ اکھلیش یادو(اعظم گڑھ)یو پی کابینی وزیر ریتا بہوگنا جوشی(الہ آباد) کی قسمتوں کا فیصلہ کیا جائےگا۔بھوجپور اداکار دنیش لال یادو عرف نرہوا اعظم گڑھ سے اکھلیش یادو کے خلاف انتخابی میدان میں ہیں وہیں کانگریس نے مرکزی وزیر مینکا گاندھی کے خلاف سلطان پور سے ڈاکٹر سنجے سنگھ کو انتخابی میدان میں اتار ا ہے۔
اس مرحلے کے تحت 174 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ جن میں سلطان پور، پرتاپ گڑھ، پھولپور، الہ آباد، امبیڈکر نگر، شراوستی، ڈومریا گنج، بستی، سنت کبیر نگر، لال گنج، اعظم گڑھ، جونپور، مچھلی شہر اور بھدوہی شامل ہیں۔
ملحوظ رہے کہ 2014 کے عام انتخابات میں بی جے پی نے اعظم گڑھ چھوڑ کے ان 14 سیٹوں میں سے 13 سیٹوں پر جیت کا پرچم لہرایاتھا۔ اعظم گڑھ سے سماج وادی پارٹی فاونڈر ملائم سنگھ یادو نے رما کانت یادو کو شکست دی تھی۔ تاہم بعد میں پھول پور میں ضمنی انتخاب میں سماج وادی پارٹی نے بی جے پی کو شکست دی تھی ۔