بلند شہراترپردیش: بلندشہر تشدد معاملے میں ضلع پولیس نے مفرور18 ملزموں کی تصاویر جاری کی ہے۔ ان ملزمان کی منقولہ جائیداد کو بھی ضبط کرنے کی بات کہی گئی ہے۔ ان 18 ملزمان میں کلیدی ملزم یوگیش راج کا بھی نام شامل ہے۔ اس معاملہ میں پولیس نے اب تک 13 باغیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لئے چنگراوٹھی، مہاب، نیاباس امیٹ سمیت دیگر گاوں میں چھاپے مار رہی ہے۔ قابل غور ہے کہ اس معاملہ میں 27 نامزد اور 60 نامعلوم ملزمین کے خلاف کیس درج کیا گیا تھا۔ پولیس اب تک چار نامزد اور سات ملزمان کو گرفتار کر چکی ہے۔بلندشہر کے ایس ایس پی پربھاکر چوہدری نے بتایا کہ ایس آئی ٹی سیانا میں اس معاملے کی جانچ کررہی ہے ، کچھ ملزمان کو جیل ہوئی ہے اور دیگر کے خلاف غیرضمانتی وارنٹ جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم ان لوگوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو فرار ہیں ۔ اگروہ جلدی پکڑ میں نہیں آتے تو ہم ان کے اوپر انعامات کا اعلان کریں گے۔ قابل غور ہے کہ اس مہینے کی تین تاریخ کو ہوئے تشدد میں پولیس انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ اور چنگراوڑی گاؤں کے رہنے والے سمت سنگھ کی موت ہوگئی تھی۔ سیانا علاقے کے چنگراوٹی علاقے میں مبینہ گئوکشی کے معاملے پر ہجوم پرتشدد ہوگئی تھی۔