پرتاپ گڑھ، 14 دسمبر(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع پرتاپ گڑھ کے کندھائی علاقے میں ایک تیز رفتار بولیرو درخت سے جاٹکرائی جس سےایک فوجی سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایسٹ) سریندر پرساد دویدی نے بتایا کہ یہ حادثہ اتوار کی رات پپری خالصہ گاؤں کے قریب اس وقت پیش آیا جب کانسٹبل سنجیو یادو اوراس کے رشتہ دار منگنی کی تقریب سے واپس آرہے تھے۔ گھنے دھند کے سبب تیز رفتار بولیروایک درخت سے جا ٹکرائی ۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ سبھی ہلاک شدگان گاڑی میں پھنس گئے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ زخمیوں کو ضلع اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے سنجیو سمیت پانچ افراد کو مردہ قراردے دیا۔ حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد کوتوالی علاقے کھجورنی گاؤں کے رہائشی تھے ، جو کانسٹبل سنجیو یادو کی منگنی کے بعد پٹی علاقے سے واپس آ رہے تھے۔
سنجیو ضلع مئو میں تعینات تھا جو منگنی کے لئے چھٹی لے کر گھر آیا تھا۔
دویدی نے بتایا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے دیگر چار افراد کی شناخت کی جا رہی ہے۔