لکھنؤ: اترپردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں منعقد دو روزہ ‘انوسٹرس سمٹ’ میں دنیا کی مشہور ہستیوں کی موجودگی سے حوصلہ پاکر وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے آج کہا کہ اس چوٹی کانفرنس سے سرمایہ کاری بڑھے گی اور ریاست کے 40 لاکھ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے ۔
مسٹر یوگی نے یوپی انوسٹرس سمٹ میں تشریف لائے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں اترپردیش کو ایک بیمار ریاست سے ایک خوشحال ریاست بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کے لئے پوری طرح تیار ہے ۔ اس سمٹ کی وجہ سے ریاست میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور آئندہ تین برسوں میں 40 لاکھ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے اسمبلی میں 4 لاکھ 58 ہزار کروڑ روپے کابجٹ پیش کیا ہے اور اتفاق ہے کہ اس سمٹ میں اتنی ہی مالیت کے میمورنڈم پر دستخط کئے گئے ۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کا کوئی متبادل نہیں ہے اس کے لئے بہترین نظام کی ضرورت ہوتی ہے ۔ حکومت نے کئی سیکٹر تیار کئے ہیں جس میں فلم ٹیلی ویزن، زراعت اور الیکٹرانک سامانوں کا پروڈکشن شامل ہے ۔ ترقی کے لئے تحفظ، بنیادی ڈھانچہ اور اچھا ماحول ہونا چاہئے ۔ریاستی حکومت نے 11 مہینوں میں قانون کی حکومت قائم کی ہے ۔
کانپور، وارانسی، گورکھپور اور الہ آباد میں میٹرو چلانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔یوگی نے کہا کہ صنعتوں کو قائم کرنے کی وجہ سے ریاست میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے ۔ اس کے لئے صنعت کاروں کا ایک گروپ تشکیل دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ‘ ایز آف ڈوئنگ بزنس’ کے لئے کام کئے جارہے ہیں۔ ڈیجیٹل کام بھی چل رہا ہے ۔ اور ا س کے علاوہ کاٹیج انڈسٹریز اور ایک ضلع ایک پروڈکٹ منصوبہ پر مسلسل کام ہورہاہے ۔
وزیر اعلی نے کہا کہ ملک کے مشرقی حصوں سے ریاست کو جوڑنے کے لئے ایکسپریس وے کی تعمیر کی جارہی ہے ۔ حکومت سبھی ضلعوں کو مین روڈ سے جوڑے گی۔ حکومت ‘ سبھی کے لئے بجلی’ فراہم کرنے کے لئے اجول اسکیم کے تحت کام کررہی ہے ۔ ریاست میں انسانی وسائل کی کمی نہیں ہے ۔ ملک کے نوجوانوں میں 60 فیصد اترپردیش سے تعلق رکھتے ہیں۔
حکومت نئی سیاحتی پالیسیوں پر کام کر رہی ہے جس کی وجہ سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ صنعت کے لئے ہنرمند انسانی وسائل کثیر تعداد میں موجود ہیں۔ 11 ماہ میں ریاستی حکومت نے قانون کی حکومت قائم کرنے کے لئے موثر اقدام اٹھائے ہیں۔ ملک کے 99 شہروں میں اترپردیش کے 10 شہر اسمارٹ سٹی کے لئے منتخب کئے گئے ہیں۔مسٹر یوگی نے کہا کہ نئی صنعتی پالیسی تشکیل دی گئی ہے ۔
ایک کھڑکی کے ذریعہ صنعت کاروں کو سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ مشورے اور تجاویز کے لئے ایک بورڈ کی تشکیل کی گئی ہے جس کے ممبران میں ملک کے مشہور صنعت کار شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل کلیرنس نافذ کرنے جارہی ہے ۔ ایک ضلع ایک پروڈکٹ اسکیم نافذ ہے ۔
اسٹارٹ اپ پالیسی کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ آمد و رفت کے لئے بنیادی ڈھانچہ اہمیت کا حامل ہے ۔ پروانچل ایکسپریس وے اور بندیل کھنڈ ایکسپریس وے کی تعمیر کی جارہی ہے ۔ ضلع سے ضلع کو جوڑنے کی بھی اسکیم بنائی جارہی ہے ۔مسٹر یوگی نے کہا کہ پاور فار آل اسکیم پر دستخط کئے جاچکے ہیں۔ 35 سال سے کم عمر نوجوان کی 60فیصد آبادی اترپردیش سے تعلق رکھتی ہے ۔ ریاست میں بایوانرجی کے بے پناہ امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سمٹ میں 500 کمپنیاں سرمایہ کاری کے لئے آئی ہیں۔