لکھنؤ: اتر پردیش کے آدتیہ مکوروال پرتگال میں ہونے والی آئندہ ورلڈ کک باکسنگ چیمپئن شپ-2023 میں ہندوستانی کک باکسنگ ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔
کک باکسنگ ایسوسی ایشن آف اتر پردیش کے صدر اروند شیروالیا اور جوائنٹ سکریٹری ابھیشیک موریہ نے بتایا کہ ورلڈ کک باکسنگ چیمپئن شپ-2023 ورلڈ ایسوسی ایشن آف کک باکسنگ آرگنائزیشن (ڈبلیو اے سی او) کے زیراہتمام 17 سے 26 نومبر تک پرتگال کے البوفائر میں منعقد ہوگی۔
چمپئن شپ میں میرٹھ شہر کے فلاودا قصبہ کے رہنے والے آدتیہ مکوروال 57 کلوگرام وزن کے زمرے کے لائٹ کانٹیکٹ ایونٹ میں چیلنج پیش کریں گے۔
آدتیہ اس سے قبل عمان (اردن) میں منعقدہ اردن کِک باکسنگ ٹورنامنٹ-2023 میں دو گولڈ میڈل جیت چکے ہیں۔ انہوں نے ایشین کک باکسنگ چیمپئن شپ 2022 میں پانچواں رینک حاصل کیا تھا۔ اس کے علاوہ آدتیہ نے قومی سطح پر 2 گولڈ، 2 سلور اور 2 برونز میڈل جیتے ہیں۔
ہندوستانی ٹیم میں منتخب ہونے والے اتر پردیش کے پہلے کھلاڑی آدتیہ کے لئے یوپی اولمپک ایسوسی ایشن کے خزانچی ڈاکٹر سید رفعت زبیر رضوی نے ان کی بہترین کارکردگی اور ملک کے لیے تمغہ جیتنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔