لکھنؤ:ہندی روزنامہ ’انقلابی نظر‘ اور اردو ’آگ‘ کی جانب سے ہولی ملن تقریب کا انعقاد یوپی پریس کلب میں کیا گیا۔ ہولی ملن تقریب میں کویوں نے جہاںہولی کے سلسلہ میں اپنی تخلیقات پیش کرکے سامعین کو محظوظ کیا تو وہیں اخبار ہاکروں اور سینٹر انچارجوں کو بھی اعزاز سے سرفراز کیاگیا۔ تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر الہ آباد یونیورسٹی کے اردو شعبہ کے سابق صدر پروفیسر فضل امام شریک ہوئے جبکہ صدارت سینئر صحافی جے پی شکلانے کی۔
مہمان اعزازی کے طور پر یوپی پریس کلب کے سکریٹری جے پی تیواری اور صحافی رام ساگر شکلا سمیت صحافتی دنیا کی متعدد شخصیات موجود تھیں۔ اس دوران الہ آباد یونیورسٹی کے اردو شعبہ کے سابق صدر ، سینئر صحافیوں ، اخبار ہاکروں اور سینٹر انچارجوں کو اعزاز سے سرفراز بھی کیا گیا۔
جمعہ کو منائی گئی ہولی ملن تقریب کا آغاز آکاش وانی کے پروگرام انچارج پرتل جوشی نے کیا۔ انہوں نے ہولی کے دوران ہونے والی مستی اور لوگوں کے درمیان رنگ لگانے اور شرارتوں کو اپنے خاص انداز میں بیان کیا۔ اس کے بعد کویوں نے اپنی تخلیقات کو پیش کیا۔ کوی سمیلن کا آغاز مہیش پانڈے مہیش نے کیا۔اس کے علاوہ رام بہادر ادھیر پنڈوی،ڈنڈا لکھنوی ، ونیتا رانی ونی، شرد پانڈے ششانک، عامل اشرفی نے خوب داد و تحسین حاصل کی۔اس موقع پر پروفیسر فضل امام، سینئر صحافی جے پی شکلا، یوپی پریس کلب کے سکریٹری جے پی تیواری اور صحافی رام ساگر شکلا کو اعزاز سے سرفراز کیاگیا۔اس کے علاوہ اس موقع پر اخباری ہاکروں کے رہنما راج بہاری منا، لال منی پانڈے ،راج کمار چھابڑا، موہن سنگھ بشٹ کوبھی اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔ اس کے بعد چوک سینٹرکے دلیپ اوستھی، قیصرباغ کے آنند پاٹھک، نشاط گنج کے اجے، آئی ٹی کے رنجیت اور جنپتھ کے جے کرن مشر سرفرازکیاگیا۔ جنپتھ کے رام پرساد، قیصرباغ کے عین الحق، چوک کے ذاکر حسین، ظفر حسین اور ماسٹر اے کے سکسینہ کو شال و یادگاری نشان دے کر انقلابی نظرکے ایڈیٹر ایس ڈی بڈولا اورروزنامہ آگ کے مدیر اکبر علی نے سرفراز کیا۔ پروگرا م کے دوران انقلابی نظر کے ایڈیٹر ایس ڈی بڈولا نے کہا کہ یہ لمحات ان کیلئے تاریخی اور جذباتی ہیں کیونکہ جن کے ساتھ رہ کر صحافت کے بارے میں لکھنا پڑھنا سیکھا آج انہیں کو اعزاز سے سرفراز کرنے کا موقع ملا ہے۔
وہیں ڈاکٹر اکبر علی نے امیدظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کا آغاز ہے اور آئندہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرام منعقد ہوتے رہیں گے۔