ڈینور ؛امریکی ریاست کولوراڈو میں ایک سالگرہ کی تقریب پر حملے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے، جب کہ مشتبہ حملہ آور نے خود کو بھی گولی مارکر خودکشی کرلی۔ خبررساں اداروں کے مطابق مقامی پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب پیش آیا۔ پولیس کو نصف شب کے بعد ریاست کے دوسرے بڑے شہر کولوراڈو اسپرنگس کے ایک مکان سے فون کال موصول ہوئی۔
پولیس جب جائے وقوع پر پہنچی تو 6 افراد کو وہاں مردہ حالت میں پایا، جب کہ ایک شخص بری طرح زخمی حالت میں پڑا تھا، جسے اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس نے دم توڑ دیا۔ یہ سالگرہ پارٹی ہلاک ہونے والوں میں سے ایک کے لیے منعقد کی گئی تھی جس میں اس کے دوست، خاندان کے افراد اور بچے بھی شریک تھے۔ ابھی تک نہ تو یہ معلوم ہوسکا ہے کہ فائرنگ کے پیچھے اصل مقصد کیا تھا اور نہ ہی بندوق بردار کا نام ظاہر کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پارٹی کے دوران جس وقت یہ واقعہ پیش آیا، گھر میں بچے بھی موجود تھے، تاہم ان میں سے کوئی زخمی نہیں ہوا ہے اور وہ اس وقت اپنے رشتہ داروں کے پاس ہیں۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب امریکی یوم مادر منا رہے تھے۔ کولاراڈو کے گورنر جاریڈ پولیس نے ان ہلاکتوں کو انتہائی المناک قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ تشدد کے اس خوفناک واقعے میں آج بہت سی جانیں ضائع ہوگئیں۔ جس موبائل ہوم پارک میں یہ واقعہ پیش آیا وہ کولاراڈو اسپرنگس ہوائی اڈے کے بالکل قریب واقع ہے، جب کہ شہر کے ڈاؤن ٹاون علاقے سے اس کی دوری صرف 6 کلومیٹر ہے۔ یہاں ایک سوئمنگ پول، ایک کھیل کا میدان اور تقریباً 500 موبائل مکانات ہیں۔ کولوراڈو اسپرنگس محکمہ پولیس کے سربراہ ونسی نسکی نے کہا کہ میری دلی تعزیت ان تمام خاندانوں کے ساتھ ہے جنہوں نے اپناعزیز کھو دیا اور ان بچوں کے ساتھ ہے جو اپنے والدین سے محروم ہوگئے۔