لبنان میں حزب اللّٰہ رہنما حسن نصر اللّٰہ کا کہنا ہے کہ بحیرہ احمر میں امریکی اقدامات نے تمام جہازوں کی آمدورفت کو خطرے میں ڈال دیا۔حسن نصر اللّٰہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ یمنی بحیرہ احمر میں غزہ کی حمایت روک دیں گے یہ امریکا کی غلط فہمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بحیرہ احمر میں اسرائیل جانے والے بحری جہازوں پر حملے جاری رہیں گے۔حسن نصر اللّٰہ کا کہنا تھا کہ جہازوں پر حملے اسرائیلی جارحیت کے جواب میں یمن کا کم ترین ردعمل ہے۔
حزب اللّٰہ رہنما نے کہا کہ امریکی اقدامات کے بعد بحیرہ احمر میدان جنگ بن گیا ہے، ان بیوقوفوں نے بحیرہ احمر میں عالمی جہازوں کے 95 فیصد تحفظ کو بھی تباہ کردیا ہے۔
لبنان کے محاذ پر غزہ کی حمایت اسرائیلی جارحیت رُکنے تک جاری رہے گی، غزہ میں جارحیت رُکے گی تو کوئی بات چیت ہوگی۔
حسن نصر اللّٰہ نے کہا کہ عراقی اور یمنیوں کا بھی غزہ میں جارحیت رکوانے کا مطالبہ ہے۔
حزب اللّٰہ رہنما کا کہنا تھا کہ اگر امریکیوں کے پاس دماغ ہوتا تو انہیں سمجھ آجاتی تمام محاذ کھُلنے کا سبب ایک ہی ہے، اگر امریکی نسل پرست، مغرور نہ ہوتے تو یہ بات سمجھ جاتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ نتائج روکنےکی کوششوں میں ہیں، جائیں جاکر وجہ ٹھیک کریں، غزہ میں جارحیت ختم کریں۔