واشنگٹن، 29 مارچ (یو این آئی/ اسپوتنک) امریکی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس ہفتے جرمنی کے اسپنگڈہلم ایئر بیس پر پہنچنے والے بحریہ کے چھ ای اے 18جی گرولر طیارے یوکرین میں روس کے خلاف استعمال نہیں کیے جائیں گے۔ اسے ناٹو کے مشرقی محاذ کو مضبوط کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
پنٹاگن کے پریس سکریٹری جان کربی نے پیر کو ایک پریس ریلیز میں کہا کہ “انہیں روسی فوج کے خلاف استعمال کرنے کے لیے یوکرین میں تعینات نہیں کیا جا رہا ہے۔ انہیں مکمل طور پر مشرقی محاذ پر ناٹو کی ڈیٹرنس اور دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے کی ہماری کوششوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تعینات کیا جا رہا ہے‘‘۔
مسٹر کربی نے کہا کہ ’دی گرولر‘ امریکی ایف -18 سپر ہارنیٹ فائٹر جیٹ کا ایک خاص قسم ہے جو کہ جیمنگ سینسرز کے سیٹ کا استعمال کرتے ہوئے الیکٹرانک جنگی مشنوں کو اڑانے کے لیے لیس ہے جو دشمن کے ریڈار کو چکما دیتے ہیں اوردشمن کے فضائی دفاعی مشن کو دبانے میں مدد کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جرمنی میں 240 کے قریب میرینز تعینات ہوں گے جن میں ایک پائلٹ اور دیکھ بھال کرنے والا عملہ شامل ہوگا۔