امریکی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں امریکی شہریوں کو عراق کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔عراق کے دارالحکومت بغداد میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر میجرجنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد امریکی سفارت خانے نے امریکی شہریوں کو فوری طور پر عراق چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
اس سے قبل امریکی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عراق میں رونما ہونے والے حالیہ واقعات کے بعد حالات ٹھیک نہیں ہیں اور امریکی شہریوں کو عراق میں مشکلات اورخطرات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ لہذا امریکی شہری عراق کا سفر کرنے سے اجتناب کریں۔
اس سے قبل عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی سفارتخانہ نے ایک بیان میں قونصلخانہ کی تمام سرگرمیوں کو معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر اور اسلام کے عظیم اور مایہ ناز مرد مجاہد میجر جنرل قاسم سلیمانی طویل مجاہدت و فدا کاری کے بعد جعمہ کی رات بغداد ایئر پورٹ کے قریب امریکی ہیلی کاپٹروں کے حملے میں درجہ شہادت پر فائز ہوئے ۔
امریکی حملے میں عراقی رضاکار فورس حشد الشعبی کے اعلی کمانڈر ابو مہدی مہندس اور چند دیگر بھی شہید ہوئے۔ جبکہ چند روز قبل عراق کی رضاکار فورس حشد الشعبی پر ہوائی حملے میں 25 اہلکاروں کی شہادت کے بعد عراقی عوام نے بغداد میں امریکی سفارتخانہ پر حملہ کرکے اس کے ایک حصے کو نذر آتش کردیا اور وہاں عراق اورحشد الشعبی کے پرچم لہرا دیئے اور عراق میں امریکہ مخالف مظاہرے شروع ہو گئے۔