امریکا نے پیر کے روز بیت المقدس میں اپنے سفارت خانے کا سرکاری طور پر افتتاح کر دیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں اسرائیل میں امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈمین نے کہا کہ “آج ہم بیت المقدس میں امریکی سفارت خانے کا افتتاح کر رہے ہیں”۔ تقریب میں واشنگٹن سے آنے والے ایک امریکی وفد اور اسرائیلی رہ نماؤں نے بھی شرکت کی۔
دوسری جانب قابض اسرائیلی فوج نے پیر کے روز غزہ پٹی اور اسرائیل کے درمیان سرحد پر امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے بیت المقدس منتقلی کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر فائرنگ کر کے درجنوں فلسطینیوں کو شہید اور سیکڑوں کو زخمی کر دیا۔ فلسطینی وزارت صحت نے 55 فلسطینیوں کے شہید اور 2 ہزار سے زیادہ کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ شہید ہونے والوں میں بچّے بھی شامل ہیں۔
ہزاروں فلسطینی علی الصباح اسرائیل کے ساتھ سرحد کے قریب جمع ہو گئے تھے۔ فلسطینی مارچ سے اسرائیل کی غزہ کی پٹی کی ناکا بندی اور امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے بیت المقدس منتقلی کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اشک آور گیس گولے داغے جس سے سیکڑوں فلسطینی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔