واشنگٹن،15:امریکہ کے صدر ٹرمپ کا کوروناوائرس ٹسٹ منفی نکلا ہے اور نائب صدر پینس بھی کوروناٹسٹ کرانے کے لیے تیار ہوگئے ہیں۔وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹر نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کورونا ٹسٹ منفی آیا، صدر ٹرمپ نے برازیل کے صدر سے گزشتہ ہفتہ عشائیہ پر ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر برازیل کے صدر کے پریس سکریٹری بھی موجود تھے جن کا بعد میں کورونا ٹسٹ مثبت نکلا۔
اس صورتحال میں امریکہ اور برازیل دونوں کے صدور کو کورونا ٹسٹ کرانا پڑا تاہم دونوں کا ٹسٹ منفی آیا ہے۔ اب نائب صدر مائیک پینس نے کہا ہے کہ وہ اور ان کی اہلیہ بھی چاہیں گے کہ انکا کورونا ٹسٹ کرلیا جائے۔
امریکہ میں کورونا مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ جہاں مزید 8 اموات کے بعد تعداد 57 ہوگئی اور 600 نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد متاثرین کی تعداد 2800 سے تجاوز کرگئی ہے۔
امریکہ کی اعلیٰ ترین یونیورسٹیوں میں سے ایک جان ہاپکنز کے میڈیکل پروفیسر ڈاکٹر مارٹی نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ ملک میں مریضوں کی جو تعداد آپ کے سامنے آرہی ہے اس پر یقین نہ کریں، امریکہ میں 16سو کیسز تو ایسے ہیں جن میں بیماری کا ٹسٹ مثبت آیا۔
ڈاکٹر مارٹی کے مطابق ہر بیمار شخص سے وائرس 25 سے 50 افراد میں پھیلنے کا خدشہ ہوتا ہے اس لیے امریکہ میں کورونا کے کیسز کی تعداد 50 ہزار سے 5 لاکھ ہوسکتی ہے۔
انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ کورونا بیماری کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جائے کیونکہ پولیو کے بعد کورونا دنیا میں بدترین وبا ثابت ہوگا۔