واشنگٹن، 9 جون (یو این آئی/ اسپوتنک) امریکی صدر جو بائیڈن نے بدھ کو امریکی سینیٹ کے نام ایک پیغام میں کہا کہ حکومت اپنے شہریوں اور ان کے مفادات کے تحفظ کے لیے اضافی اقدامات کرنے اور مزید فورسز کی تعیناتی کے لیے تیار ہے۔
صدر بائیڈن نے کہا ’’اگر ضرورت پڑی تو اپنے لوگوں کی خاطر، میں دہشت گردوں کے حملوں کے خطرے سے نمٹنے کے لیے اضافی اقدامات اٹھانے کی ہدایت دوں گا‘‘۔ اس وقت یہ جاننا ممکن نہیں کہ امریکی مسلح افواج کی تعیناتی کی درست حد یا مدت امریکہ کے لیے دہشت گردی کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے کس حد تک موثر ثابت ہوگی۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ بائیڈن انتظامیہ نے روسی جارحیت کے کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے یورپ میں امریکی افواج کی تعداد میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔
صدر نے کہا کہ ’’روسی جارحیت سے اپنے اتحادیوں کو بچانے کے لیے امریکہ نے حالیہ مہینوں میں تقریباً 17 ہزار اضافی امریکی مسلح افواج کے اہلکاروں کو تعینات کرنے کے ساتھ تقریباً 90 ہزار مسلح دستوں کے جوانوں کی تعینات یورپ میں ناٹو ممالک میں کی ہے‘‘۔
مسٹر بائیڈن نے کہا کہ انہوں نے اپنے آئینی اور قانونی اختیار کے مطابق تمام موجودہ مہمات میں کمانڈر ان چیف اور چیف ایگزیکٹو کے طور پر امریکی فوج کی شرکت کی ہدایت کی تھی۔