بیجنگ: چین نے امریکا پر زور دیا کہ وہ اپنے وعدوں کو پورا اور ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن کی پاسداری کرے۔چین کی وزارتِ قومی دفاع کے ترجمان تان کیفی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 26سال پہلے سی ڈبلیو سی کے نفاذ کے بعد سے دنیا کے 99 فیصد سے زیادہ کیمیائی ہتھیاروں کے ذخیرے کو ختم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کیمیائی ہتھیاروں کے ذخیرے کا اعلان کرنے والے آٹھ میں سے سات ممالک نے اپنے کیمیائی ہتھیاروں کی تلفی مکمل کر لی ہے۔ جیسا کہ کنونشن میں طے کیا گیا ہے، ذخیرہ شدہ کیمیائی ہتھیاروں کی تلفی 1997 میں اس کے نفاذ کے 10 سال کے اندر مکمل کی جانی لازمی تھی۔
تان نے کہا کہ چین میں جاپان کے ترک کیے گئے کیمیائی ہتھیاروں کی تلفی کا عمل بہت پیچھے ہے اور ان کو تلف کرنے کا منصوبہ کئی بار التوا کا شکار ہو چکا ہے۔