غاصب صیہونی حکومت نے جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے الشفا اسپتال پر وحشیانہ بمباری کر دی۔غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ میں الشفا اسپتال پر بمباری کردی جس میں ساٹھ فلسطینی شہید و زخمی ہوگئے۔
غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے مغربی غزہ میں بھی بے گھر فلسطینیوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا۔ اس وحشیانہ حملے میں بھی کئی فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔ حملے میں شہید و زخمی ہونے والے بے گھر فلسطینیوں کی صحیح تعداد کا ابھی اعلان نہیں کیا گيا ہے۔
غاصب صیہونی حکومت نے ایک ایسی ایمبولینس پر بھی جارحانہ حملہ کیا جس کے ذریعے الشفا اسپتال سے زخمیوں کو رفح کی گذرگاہ منتقل کیا جا رہا تھا۔ صیہونی حکومت کے جنگي طیاروں نے شمالی غزہ میں بھی فرانس پریس کے دفتر اور کئی دیگر نیوز ایجنسیوں کے دفاتر پر بمباری کی ہے۔ الجزیرہ ٹی وی چینل کا کہنا ہے کہ غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت میں اب تک اکتالیس نامہ نگار اور صحافی شہید ہوچکے ہیں۔
غزہ کے جنوب میں خان یونس کے علاقے میں فلسطینی نامہ نگار محمد ابوحطب کے مکان پر بھی صیہونی حکومت نے حملہ کیا جس میں وہ اپنے کئی ساتھیوں سمیت شہید ہوگئے۔
فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت میں اب تک نو ہزار دو سو ستائيس فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں تین ہزار آٹھ سو چھبیس بچے اور دو ہزار چار سو پانچ عورتیں شامل ہیں جبکہ تئیس ہزار پانچ سو سولہ زخمی ہوئے ہیں۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ غزہ کے اکیس سو عام شہری اس وقت بھی صیہونی جارحیت میں تباہ ہورنے والی عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن میں بارہ سو بچے شامل ہیں۔