اتر پردیش کے وارانسی ضلع میں منگل کی صبح کاشی وشوناتھ مندر کے پاس واقع دو پرانے مکانات اچانک منہدم ہو گئے۔ اس حادثہ میں ایک خاتون کی ملبہ میں دبنے سے موت ہو گئی، جبکہ سات دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ چوک علاقہ میں کھویا گولی کے پاس ہوئی جہاں کاشی وشوناتھ مندر کے پاس بنے دو مکانات اچانک منہدم ہو گئے اور اس کے ملبہ میں تقریباً 9 افراد دب گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ این ڈی آر ایف کی ٹیم نے ملبہ میں دبے سبھی لوگوں کو نکال کر اسپتال پہنچا دیا ہے۔
وارانسی کے ڈویژنل کمشنر اشوک کوشل راج شرما نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’’دو مکانات منہدم ہوئے تھے جن میں سے ایک میں رہنے والے سبھی لوگ بہ حفاظت باہر نکلنے میں کامیاب رہے تھے۔ دوسرے مکان میں رہنے والے دو افراد ہی باہر نکل پائے تھے اور 7 دیگر ملبہ میں پھنس گئے تھے۔ انھیں ریسکیو مہم چلا کر باہر نکالا گیا ہے۔‘‘
کوشل راج شرما نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس حادثہ میں ایک خاتون ہلاک ہو گئی، جبکہ ایک خاتون کانسٹیبل سمیت 7 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ سینئر طبی افسران کی نگرانی میں ساتوں زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ دیکھنے سے معلوم پڑتا ہے کہ مکانات کم از کم 80-70 سال پرانے تھے۔ ان مکانات کی اوپری منزل ہی منہدم ہوئی ہے، یعنی نچلی منزل محفوظ ہے۔
وارانسی کے پولیس کمشنر موہت اگروال نے نامہ نگاروں سے کہا کہ ’’حادثہ میں زخمی خاتون کانسٹیبل کاشی وشوناتھ مندر میں ڈیوٹی پر تعینات تھی۔ اسے کاشی ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) کے ٹراما سنٹر بھیجا گیا ہے۔
اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔‘‘ اگروال کا کہنا ہے کہ متاثرہ کنبہ کے سبھی لوگ کہہ رہے ہیں کہ ان کے اہل خانہ کو نکال لیا گیا ہے، لیکن پھر بھی احتیاطاً تلاشی مہم چلائی جا رہی ہے اور یہ پتہ لگایا جا رہا ہے کہ ملبہ میں کوئی باہر کا شخص تو نہیں پھنسا ہے۔