علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں دیر رات ایک طالب علم کی لاش برآمد کی گئی۔ بتایا جارہا ہے کہ طالب علم نے خود کو پھانسی دے کر خودکشی کرلی۔ اس واقعہ سے اے ایم یو کیمپس میں ایک سنسنی پھیل گئی۔
طالب علم کی نعش آفتاب ہال کے کمرے میں پھندے سے لٹکی ہوئی ملی۔ جیسے ہی واقعے کے بارے میں اطلاع ملی مشتعل طلباء نے کافی ہنگامہ کرنا شروع کردیا۔ سکیورٹی صورتحال بنائے رکھنے کے لئے کیمپس کے باہر پولیس تعینات کر دی گئی ۔
مہلوک طالب علم کی شناخت انس شمشی کے طورپر ہوئی ہے۔ وہ ایم ایس ڈبلیو فائنل ایئر کا طالب علم تھا اور پیلی بھیت کا رہنے والا تھا۔
پورے معاملے میں ایس ایس پی آکاش کلہاری کا کہنا ہے کہ طالب علم کی لاش آفتاب ہال کے کمرے میں لٹکی ہوئی پائی گئی ہے۔ اس کے بعد لاش کو قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا۔ مشتعل طلبا نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور سٹی ایس پی کی گاڑی پر حملہ کرکے شیشے توڑ ڈالے۔
آکاش کلہاری نے کہا کہ واقعے کو انجام دینے والے نامعلوم طلبا کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ ان کی پہچان کرکے آگے کی کارروائی کی جائے گی۔
جارڈن کے ایک طالب علم کے ساتھ کی گئی تھی مارپیٹ
بتا دیں کہ سال گزشتہ اے ایم یو میں تعلیم حاصل کرنے والے جارڈن کے ایک طالب علم کے ساتھ مار پیٹ کی گئی تھی۔ تب اس معاملے میں پولیس نے ملزم طالب علم کے والد کو گرفتار کر لیا تھا۔
حالانکہ انہیں ضمانت مل گئی تھی۔ اے ایم یو نے اس معاملے میں محکمہ جاتی جانچ شروع کردی تھی۔ طلبا کے درمیان سمجھوتہ کرانے کی بھی کوشش کی جارہی تھی۔