رائے بریلی: اترپردیش کے ضلع رائے بریلی میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے ‘کسان کلیان ایسو سی ایشن ‘ کے ضلع صدر امرت لال سویتا کی اتوار کی موت ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق 45 سالہ امرت لال سویتا ڈلمئو تحصیل کے ایک اراضی معاملہ کو لے کر کلکٹریٹ کیمپس میں ضلع مجسٹریٹ کے دفتر کے سامنے چار جون سے دھرنے پر بیٹھے تھے ۔ معاملے میں کوئی سنوائی نہیں ہونے پر گذشتہ 10 جون کو وہ بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ اتوار کی رات امرت لال کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں ضلع اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
کسان لیڈر کی موت کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچے ضلع مجسٹریٹ سنجے کمار کھتری نے کہا کہ مسٹر سویتا کی موت بیماری کی وجہ سے ہوئی ہے پھر بھی اس کی جانچ کرائی جائے گی۔ کسان لیڈر کی موت کے بعد کلکٹریٹ میں احتیاطاً بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کیاگیا ہے ۔