اتر پردیش میں جرائم کے واقعات لگاتار بڑھتے جا رہے ہیں۔ آج امیٹھی میں اس وقت خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا جب ایک ٹیچر کو جرائم پیشوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
صرف اس ٹیچر کو ہی نہیں بلکہ اس کی بیوی اور دو بچوں کو بھی گولی مار کر موت کی نیند سلا دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات (3 ستمبر) کی شام تقریباً 7 بجے شیو رتن گنج تھانہ حلقہ میں گھر میں گھس کر اس واردات کو انجام دیا گیا جس کے بعد وہاں سنسنی پھیل گئی۔
بتایا جاتا ہے کہ شیو رتن گنج تھانہ حلقہ کے اہوروا بھوانی قصبہ کے اہم چوراہے پر کرایہ کے مکان میں ٹیچر سنیل کمار (35 سال) اپنی بیوی اور دو بچوں کے ساتھ رہتے تھے۔
سنیل کمار پی ایم شری ودیالیہ پنہونا میں اسسٹنٹ ٹیچر تھے۔ جمعرات کی شام کچھ مسلح افراد ان کی رہائش پر پہنچے اور اس شر انگیزی کو انجام دیا۔ اس حادثہ کے بعد پولیس افسران نے موقع پر پہنچ کر جانچ شروع کر دی ہے۔
میڈیا میں آ رہی خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ بدمعاشوں نے سنیل کمار کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کر دی۔ جب ان کو بچانے کے لیے بیوی اور دونوں بچے سامنے آئے تو وہ بھی گولی کی زد میں آ گئے۔
چاروں افراد کو سی ایچ سی سنگھ پور لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے سبھی کو مردہ قرار دے دیا۔ معاملے کی خبر ملتے ہی ایس پی انوپ کمار سنگھ کثیر پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ انوپ سنگھ کا کہنا ہے کہ ٹیچر فیملی پر کچھ لوگوں نے فائرنگ کی جس میں چاروں کی موت ہو گئی۔
پہلی نظر میں پتہ چلا کہ سنیل کمار نے رائے بریلی کوتوالی میں چندن ورما کے خلاف چھیڑ چھاڑ اور ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرایا تھا۔
جانچ کی جا رہی ہے کہ کہیں اس حادثہ کا اس واردات سے کوئی تعلق تو نہیں ہے۔ اس معاملے میں اے ایس پی ہریندر پرتاپ کا بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا کہ فائرنگ واقعہ میں ٹیچر، ان کی بیوی، بیٹا و بیٹی کی موت ہو گئی ہے۔ حادثہ کی جانچ کی جا رہی ہے۔