نئی دہلی : مرکزی وزیر صحت جگت پرکاش نڈّا نے ایمس میں زیر علاج سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کی عیادت کی۔ مرکزی وزیر نے ان کے طبیعت کے بارے میں بتایا کہ ان کی حالت اب بھی بے حد نازک ہے ۔
مسٹر نڈّا نے قریب پونے چار بجے ایمس کے احاطے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اٹل جی کی حالت انتہائی نازک ہے اور ڈاکٹروں کی ٹیم پوری مستعدی کے ساتھ ان کے علاج میں لگی ہوئی ہے وہ ان کی ہر ممکن دیکھ بھال کر رہے ہیں ۔ایمس انتظامیہ کی جانب سے تھوڑی دیر میں ان کی صحت کے تعلق سے تفصیلی معلومات فراہم کی جائے گی۔قابل ذکر ہے کہ تھوڑی دیر پہلے وزیر اعظم نریندر مودی اٹل جی کی دوسری بارعیادت کر کے ایمس سے لوٹے ہیں ۔بی جے پی کے صدرامت شاہ اور دیگر سینئر رہنما اسپتال میں ہی موجود ہیں۔خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم گزشتہ 11 جون سے اسپتال میں زیرعلاج ہیں اور گزشتہ 48 گھنٹوں میں ان کی طبیعت بگڑ کر نازک حالت میں پہنچ گئی ہے ۔