وارانسی: ؛اترپردیش کے پارلیمانی حلقے وارانسی میں 123 سال کے عمر رسیدہ شخص بابا شیوانند نے اپنے جمہوری حق کا استعمال کرکے جمہوریت کے اس بڑے تیوہار میں انوکھی مثال پیش کی ۔
کینٹ اسمبلی حلقے کے درگا کنڈ علاقے میں پولنگ بوتھ پر اپنا ووٹ ڈالنے پہنچے شری شیوا نند نے میڈیا نمائندوں سے مختصر بات کی۔ لڑکھڑائی آواز میں انہوں نے بتایا کہ ان کی پیدائش آٹھ اگست 1896میں موجودہ بنگلہ دیش میں ہوئی تھی۔ انکے آدھار کارڈ اور پاسپورٹ میں بھی یہی تاریخ درج ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ سال 1952 کے عام انتخابات سے لے کر آج تک اپنے ووٹ کا استعمال کررہے ہیں۔ ملک کی خوشحالی اور جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئےوہ اپنے جمہوری حق کا استعمال کرتے رہیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ بابا کے نام سے مشہور شری شیوا نند کو ملک کا سب سے معمر ووٹر تصور کیا جاتا ہے۔