میکسیکو سٹی، 2 جولائی (اسپوتنک) جنوبی امریکی ملک وینزوئلا میں چھ دسمبر کو پارلیمانی انتخابات منعقد ہونگے۔یہ اطلاع وینزوئلا کی قومی الیکشن کونسل کی صدر اندرا الفونزو ایجاگیورے نے جمعرات کو ٹیلیویژن پر اپنے خطاب میں دی ہے۔
محترمہ اندرا نے کہا ’’پارلیمانی انتخابات کے لئے 6 دسمبر 2020 کو ووٹنگ ہوگی۔وینزویلا میں گزشتہ مرتبہ 2015 میں پارلیمانی انتخابات ہوئے تھے۔ موجودہ پارلیمنٹ کی میعاد دسمبر 2020 میں ختم ہورہی ہے۔ تاہم وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے گذشتہ برس ہی پارلیمانی انتخابات کرانے کا مشورہ دیا تھا جس کی اپوزیشن لیڈر جوآن گوآئیدو نے سخت مخالفت کی تھی جس کی وجہ سے وینزویلا میں بڑے پیمانے پر مظاہرے بھی ہوئے تھے۔
اہم بات یہ ہے کہ وینزوئلا گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے سیاسی بحران کا سامنا کررہاہے۔ جس کی وجہ سے اس کے امریکہ سمیت کئی دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کافی خراب ہوگئے ہیں۔اسی درمیان وینزوئلا کے صدر نکولس مادورو نے منگل کے روز دارالحکومت کراکس میں واقع یورپی یونین کے مشن کے سربراہ اسابیل برل ہانٹے پیڈروسا کو 72 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔